افغان وفد کا دورہ، پاکستان نے سفیر کی بیٹی تک رسائی مانگ لی
اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان کے ایک وفد نے 16 جولائی 2021 کو پاکستان میں افغانستان کے سفیر کی بیٹی کی مبینہ شکایت کے سلسلے میں اسلام آباد کا دورہ کیا۔ جاری بیان کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ ا فغان وفد نے دورے کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وزارت خارجہ کے حکام سے ملاقات کی۔ افغان وفد کو مذکورہ واقعے کی متعلقہ پاکستانی حکام کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کے تمام پہلوؤں پر جامع بریفنگ دی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہناہے کہ افغان وفد کو تکنیکی ڈیٹا (موبائل فرانزک/جیو فینسنگ کے نتائج) بھی پیش کیے گئے۔ افغان وفد کو بتایا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شکایت کی تفصیلی اور مکمل تفتیش کی ہے۔ وفد کو بتایا گیا کہ تفتیش اور گواہوں کے بیانات کے بعد حکام اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ زمینی کے نتائج شکایت کنندہ کی رپورٹ کی تصدیق نہیں کرتے ہیں۔پاکستانی حکام نے کیس کے بعض پہلوؤں پر اضافی معلومات کی فراہمی، شواہد اور شکایت کنندہ تک رسائی کی سابقہ درخواست کا اعادہ کیا۔


