بھارتی عوام نے مسلسل شکستوں کے بعد آئی پی ایل پر پابندی کا مطالبہ کر دیا
نئی دہلی: اپنی ٹیم کی شرمناک شکستوں پر بھارتی عوام نے آئی پی ایل کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے اس پر فوری پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ پاکستان کے بعد نیوزی لینڈ سے بھارتی ٹیم کی بدترین کارکردگی پر بی سی سی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور سوشل میڈیا پر انڈین لیگ کو بند کرنے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔بھارت مسلسل دو شکستوں کا سامنا کر کے تاحال جیت سے محروم ہے اور اس کی سیمی فائنل تک رسائی بھی مشکل میں پڑ گئی ہے۔ایسے میں بھارتی عوام نے اپنا سارا غصہ آئی پی ایل پر نکالتے ہوئے ٹوئٹر پر ہزاروں پیغامات شیئر کیے ہیں۔اس وقت بین آئی پی ایل ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔پاکستان کے بعد نیوزی لینڈ سے بدترین ہار پر ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم دونوں میچوں میں پریشرکو ہینڈل نہیں کر سکے۔ بھارتی کپتان نے کیوی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ نے ہم سے بہتر کھیلا ہم نیوزی لینڈکے خلاف بھی کھل کرنہیں کھیل سکے۔


