وزیر اعلیٰ بلوچستان نے گوادر میں صاف پانی و بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کی ہدایت کردی
کوئٹہ؛وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے گوادر شہر کی پانی کی ضرورت کے مطابق گوادر شہر میں موجود پانی کے نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن، تقسیم آب کے نظام میں توسیع،گوادر میں پانی کے منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق جائزہ کمیٹی کے قیام اور پی پی پی موڈ پر گوادر سمیت جیونی، پسنی اور اورماڑہ ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب اور گوادر شہر کو بجلی کی بلاتعطل موثر فراہمی بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ پی ایچ ای کے زیر انتظام ساحلی پٹی پر ڈی سیلینیشن پلانٹس کی تنصیب کے لیے ایک پبلک سیکٹر کمپنی تخلیق دی جائے اور تمام موجودہ ڈی سیلینیشن پلانٹس کو اچھی شہرت کے حامل پرائیویٹ کمپنیوں کے سپرد کیا جائے جو اس کو پی پی پی موڈ پر چلائے اس کے ساتھ ساتھ جیونی، پسنی اور اورماڑہ جو کہ زیادہ تر بارانی پانی پر انحصار کرتے ہیں یہاں بھی پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے ڈی سیلینیشن پلانٹس نصب کئے جائیں۔ اور گوادر شہر کے پانی کے منصوبے پر پیش رفت کے جائزہ سے متعلق ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات کی سربراہی میں گوادر شہر میں جاری پانی کے منصوبوں پر موثر عمل درآمد اور پیش رفت سے متعلق جائزہ کمیٹی تشکیل دی جائے اور صوبائی محکمہ پی ایچ ای گوادر شہر میں واٹر سپلائی کو بہتر بنانے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ گوادر شہر کو بجلی کی فراہمی کے لیے ایران سے گوادر شہر کو بجلی کی مسلسل ترسیل یقینی بنانے اور جنوبی بلوچستان پیکیج کے تحت بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے محکمہ توانائی شمسی توانائی کے منصوبے بھی شروع کرے۔ وزیراعلی کے وژن پر عملدرآمد کے ذریعے گوادر کو پانی اور مکران ڈویژن کو بجلی کی کمی جیسے دیرینہ مسئلے پر بڑی حد تک قابو پانے میں مدد ملے گی۔


