حکومت نے تمام فریش و ڈرائی فروٹ بردار گاڑیوں کو روکنے پر پابندی لگادی

کوئٹہ:حکومت پاکستان ریونیو ڈویژن فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تمام کسٹم چیک پوسٹس اور کسٹم موبائل سکواڈز کو بلوچستان اور خیبر پشتونخوا کی فریش /ڈرائی فروٹ مال بردار گاڑیوں کو روکنے سے منع کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ایسی فریش اور ڈرائی فروٹس گاڑیوں کو جو بلوچستان اور خیبر پشتونخوا سے ملک کے مختلف حصوں کو فریش و ڈرائی فروٹس لے جارہی ہو کو کسی بھی کسٹم چیک پوسٹ اور کسٹم موبائل سکواڈ چیک نہیں کرے گی جس کی کسٹم ڈیوٹی کی ادائیگی کی گئی ہو۔ تاہم جن مال بردار گاڑیوں کے متعلق مصدقہ اطلاعات ہو انہیں روکنے کی اجازت ہو گی۔ غیر ضروری طور پر فریش /ڈرائی فروٹس گاڑیوں کو روکنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس سلسلے میں حکومت پاکستان ریونیو ڈویژن فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سیکرٹری (انفورسمنٹ / coord) عبدالمجید کی دستخط سے جاری ہونے والے مراسلہ نمبر C-No.4(8)E&C/2020/-Rمیں ہدایت کی گئی ہے کہ تاجروں کے مختلف باڈیز کی جانب سے کسٹم ڈیوٹی پیڈ گاڑیوں کو روکے جانے کی شکایات مل رہی ہیں کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے فریش/ڈرائی فروٹ لے جانے والی مال بردار گاڑیوں کو کسٹم ڈیوٹی ادائیگی کے باوجود بھی مختلف کسٹم چیک پوسٹس اور کسٹم موبائل سکواڈز کی جانب سے غیر ضروری طور پر روکا جارہا ہے، یہ مسئلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کسٹم (آپریشن) ایف بی آرکے ساتھ اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ اجلاس میں بھی اٹھایا گیا تھا اس سلسلے میں مختلف مواقعوں پر ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں کہ اس طرح کی سرگرمیاں ختم کی جائیں جس سے قانونی تجارت کرنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہو۔ جاری کئے گئے حکم نامے میں کسٹم حکام اور موبائل سکواڈز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ بلوچستان اور خیبر پشتونخوا سے فریش /ڈرائی فروٹ لے جانے والی مال بردار گاڑیوں کو کسی بھی کسٹم چیک پوسٹ اور راستے میں نہ روکے۔ مال بردار گاڑیوں کی چیکنگ صرف مصدقہ اطلاعات کی بنا پر اس وقت کی جائے جب اس سلسلے میں کلکٹر کسٹمز و دیگر کو بھی معلومات حاصل ہو۔ مراسلے میں تنبیہ کی گئی ہے کہ اگر مذکورہ حکم نامے اور ہدایات کی خلاف ورزی کی گئی تو ایسا کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دریں اثنا چیمبر آف کامرس کے صدر فدا حسین دشتی، سینئر نائب صدر محمد ایوب مریانی، نائب صدر امجد علی صدیقی نے پاکستان ریونیوڈویژن فیڈل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے قانونی تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی اور فریش اور ڈرائی فروٹ کے کاروبار سے وابستہ افراد کو پریشانی سے نجات ملے گی یہ ہمارا دیرینہ مطالبہ تھا اس سلسلے میں احکامات جاری کرنے پر ہم ریونیو ڈویژن اور ایف بی آر کے حکام کے شکر گزار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں