کوئٹہ میں ویڈیو اسکینڈل شرمناک ہے، جعفر خان مندوخیل

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہاہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ویڈیواسکینڈل شرمناک ہے، والدین اور معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوان نسل کو دور جدید کے برائیوں کے شکار ہونے سے بچائے، آئی جی پولیس کو چاہیے کہ وہ بذات خود ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات کی نگرانی کرے،یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے قبل جامعہ بلوچستان میں بھی اسی طرح کا واقعہ رونما ہوا اگر اس واقعہ کے ذمہ داران کو کڑی سزا دی جاتی تو آج اس طرح کے واقعات کا کوئی جرأت تک نہیں کرتا۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کوئٹہ میں ویڈیو اسکینڈل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دور جدید میں نوجوان نسل کو اس طرح کی برائیوں سے بچانے کے لئے والدین سمیت تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ویڈیوز کے ذریعے بچیوں کے بلیک میلنگ کے واقعات تسلسل سے رونما ہورہے ہیں جن میں سے بہت کم ہی واقعات منظر عام پر آجاتے ہیں۔ اس طرح کے واقعات کے روک تھام کے لئے ضروری ہے کہ ان میں ملوث کردار کو کڑی سزا دی جائے، اگر جامعہ بلوچستان کے ہراسمنٹ اسکینڈل میں ملوث عناصر کو کڑی سزا دی جاتی تو آج بچیوں کی ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرنے کا کسی کو جرأت بھی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہاکہ آئی جی پولیس ایک قابل اور اہل آفیسر ہے انہیں چاہیے کہ وہ خود حالیہ واقعہ کے تحقیقات کی نگرانی کریں کیونکہ ایسے واقعات میں ملوث عناصر کا اثرورسوخ بہت بڑے پیمانے پر ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں