شامی فوج کے قافلے پرداعش کے حملے میں 5 اہلکار ہلاک،20 زخمی

دمشق:شام میں داعش جنگجو ؤں نے فوجی قافلے میں شامل ایک بس کو راکٹ حملے میں تباہ کردیا جس کے نتیجے میں 5 فوجی اہلکار ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں ایک فوجی فافلے پر داعش نے راکٹ حملہ کیا اور بارودی گولے برسائے۔ راکٹ حملے میں شامی فوج کی ایک بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔راکٹ حملے میں نشانہ بننے والی بس سپاہیوں کو لے کر فوجی اڈے کی جانب جا رہی تھی۔ بس کو راکٹ حملے میں تباہ کرنے کے بعد جنگجو ؤں نے بارودی گولے بھی برسائے۔ حملے کے فوری بعد مزید نفری مدد کو پہنچی جس پر حملہ آور فرار ہوگئے۔حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں شامی فوج کا جانی نقصان کہیں زیادہ ہوا ہے اور بڑی تعداد میں اسلحہ بھی ہاتھ لگا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں