پاکستان پیپلزپارٹی آج تمبو میں بھر پورسیاسی قوت کا مظاہرہ کریں گی، چنگیز خان جمالی
تمبو+کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی آج تمبو میں بھر پورسیاسی قوت کا مظاہرہ کریں گی جلسے کیلئے 30ہزار سے زائد کرسیاں لگادی گئی ہیں تمبو کا جلسہ بلوچستان کا سیاسی منظر نامہ تبدیل کردے گا۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو تمبو میں آج ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ نا اہل اورسلیکٹڈ حکمرانوں سے عوام تنگ آچکے ہیں اور ان سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو عوام کی امیدوں کی آخری کرن ہے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نا اہل حکمرانوں کے خلاف فیصلہ کرنے معرکے کااعلان کردیا ہے اور 27فروری کو کراچی سے شروع ہونے والا لانگ مارچ حکمرانوں کا بہا لے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اسوقت شدید معاشی اوردیگر بحرانوں میں گرا ہوا ہے پاکستان پیپلز پارٹی ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور آج تمبو میں ہونے والے جلسہ عام کے دوران بلوچستان کی اہم شخصیات پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہونے والے جلسہ عام کے پنڈال میں 30ہزار سے زائد کرسیاں لگادی گئی ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا تمبو پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا جلسہ بلوچستان کی سیاسی منظر نامہ تبدیل کردیا اور عوام کی ایک بڑی تعداد جلسہ عام میں شرکت کریگی۔


