ایم کیوایم حکومتی اتحادی بن کرنہیں پاکستانی بن کرفیصلے کرے،شہبازشریف
لاہور:پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ ایم کیوایم حکومتی اتحادی بن کرنہیں پاکستانی بن کرفیصلے کرے،عمران نیازی نے پاکستان کی جتنی تباہی کردی، سوچ کرخوف آتا ہے سب مل کربھی کیسے ٹھیک کریں گے؟وقت زیادہ نہیں ایم کیوایم کوفیصلہ کرنا ہوگا،ورنہ قوم ہمیشہ سوال کرے گی۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے ایم کیوایم رہنماں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں، آج ہم نے پاکستان کی سیاسی معاشی صورتحال کے حوالے سے بات چیت کی ہے، کہ کس طرح پاکستان میں آج غریب آدمی ایک وقت کی روٹی سے محروم ہے، غریب کا بچہ دودھ کو ترس رہا ہے، بیمار بیٹی دوائی اور علاج سے محروم ہے، والدین بچوں کی فیس دینے، گیس بجلی بل دینے سے قاصر ہے، اس کی پاکستان کی 74سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی ، اس سے کرپٹ ، راشی اورناعاقبت اندیشن حکومت کا کبھی تصور بھی نہیں کیا گیا تھا۔آج ایم کیوایم رہنما تشریف لائے ہیں،مسلم لیگ ن نے ان کے بلدیاتی ایکٹ سے متعلق کنونشن میں شرکت بھی کی تھی، ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں۔ جب کراچی میں سیلاب آیا بارشوں کے باعث تو میں کراچی گیا اور اس کے بعد عمران نیازی بھی گیا، پیکج کا اعلان کیا لیکن پتا نہیں اس پیکج کا کیا بنا؟ اس کو فکر صرف اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں کراچی میں اربوں کے فنڈز مہیا کیے گئے، کراچی کا امن واپس آیا ، نوازشریف نے فیصلہ کیا تھا کہ کراچی کے امن کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں نے ایم کیوایم وفد کو گزارش کی ہے، آپ حکومت کے حلیف ضرور ہیں آج کا حلیف کل کا مخالف ہوتا ہے، مگر آج عمران خان کے دور میں جتنی تباہی ہوچکی ہے اس کو ملکر بھی سارے کیسے ٹھیک کریں گے؟ میں ان سے گزار ش کی ہے کہ آپ حکومت کے اتحادی ضرور ہیں مگر اس سے بڑھ کر آپ پاکستانی ہیں، ایم کیوایم رہنماں کے بڑوں سے پاکستان کیلئے قربانیاں دی ہیں، پہلے پاکستانی بن کرسوچنا ہوگا پھر حلیف بن کر سوچیں، وگرنہ قوم ہمیشہ سوال کرے گی، وقت زیادہ نہیں ایم کیوایم کو فیصلہ کرنا ہوگا۔


