بلوچستان ریزیڈنشل کالج تربت کے مقام پر وومن ایکسپو 2022 کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کاانعقاد
تربت: بلوچستان ریزیڈنشل کالج تربت کے مقام پر وومن ایکسپو 2022 کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کاانعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے ترقی نسواں ماہ جبیں شیران نے سیکریٹری وومن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ظفر علی بلیدی اور آئی جی ایف سی (ساؤتھ) میجر جنرل کمال انور اور کمشنر مکران شبیر احمد مینگل کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر باقاعدہ تقریب کا آغاز کیا۔اس دوران تقریب میں ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف تربت جان محمد بلوچ،ڈائریکٹر وومن ڈیویلپمنٹ شازیہ ریاض گچکی، مینیجر وومن ڈیویلپمنٹ روبینہ شاہوانی، بلوچستان کی پہلی وومن محتسب صابرہ اسلام،یو این ڈیویلپمنٹ پروگرام بلوچستان کی سربراہ صدیقہ سلطان،یو این وومن ڈیویلپمنٹ پروگرام بلوچستان کی سربراہ طلعت جہاں،پرنسپل بلوچستان ریزیڈنشل کالج داؤد بلوچ سمیت مختلف لوگوں کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھیں۔دریں اثناء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروگرام کے مہمان خاص پارلیمانی سیکریٹری برائے ترقی نسواں ماہ جبیں شیران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن میرے لیے انتہائی خوشی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربت وومن ایکسپو 2022 میں خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت سے یہ بات ثابت ہوگیا ہے کہ تربت میں باصلاحیت خواتین کی کوئی کمی نہیں ہے بلکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان کو مردوں کے برابر یکساں مواقع فراہم کریں تاکہ وہ ہمارے معاشرے میں ایک فعال اور متحرک کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کا تقریباً آدھا حصہ ہیں اور اس صورتحال میں خواتین کو نظر انداز کرکے ترقی حاصل کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آپ ایک عورت کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے مستقبل کے آنے والے ایک پورے نسل کو بہتر طریقے سے تعلیم سے روشناس کروائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین کو با اختیار بنانے کے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہیاور اس حوالے سے ہماری حکومت نے خواتین کی تعلیم اور تربیت کے لیے صوبائی بجٹ میں ایک ارب چالیس کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے تاکہ خواتین کو سہولیات کی فراہمی بہتر انداز میں پہنچائی جاسکیں۔اس دوران انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 50 کروڑ روپے کی لاگت سے صوبائی حکومت نے ایک انڈومنٹ فنڈز قائم کیا ہے تاکہ ایک باوقار کاروبار شروع کرنے لیے خواتین کی مدد کی جاسکے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس فنڈز سے صوبہ بھر میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے والے 720 خواتین کو مختلف اداروں میں انٹرنشپ کے ذریعے بھرتی کرکے تربیت فراہم کی جائے گی اور بلوچستان کے 12 کالجز میں خواتین کے لیے ڈے کئیر سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا تاکہ ورکنگ ویمن کو سپورٹ کیا جاسکے۔ علاوہ ازیں انہوں نے تربت میں ورکنگ وومن ہاسٹل اور کرائسز سینٹر کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اداروں کے قیام سے خواتین کو تعلیمی،قانونی اور میڈیکل امداد کی سہولیات حاصل کرنے میں آسانی حاصل ہوگی۔ اس موقع پر انہوں نے تربت یونیورسٹی کے تعاون سے خواتین کے لیے وومن اکیڈمیوں کے قیام کا بھی اعلان کیااس موقع پر سیکریٹری وومن ڈیویلپمنٹ ظفر علی بلیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ایونٹ کے انعقاد کا مقصد خواتین کو ایک موقع دینا ہوتا ہے تاکہ وہ اپنا ایک کاروبار شروع کرسکیں انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس حوالے سے خواتین کی ترقی کے لیے اچھی خاصی فنڈز مختص کیے ہیں تاکہ خواتین کو معاشرے میں ایک اہم مقام دلاکر بااختیار بنایا جاسکے۔اس دوران آئی جی ایف سی (ساؤتھ) میجر جنرل کمال انور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ تربت میں اپنی نوعیت کا پہلا ایونٹ ہے اور مجھے امید ہے اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد سے خواتین کو اقتصادی طور پر بااختیار بنانے میں بہت مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں خواتین کا ایک اہم کردار ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہماری خواتین پڑھی لکھی ہونگی تو یقیناً ان سے بچوں کی صحیح طریقہ سے تربیت ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی اور پاک فوج اس طرح کے منصوبوں میں حصہ لینے کے لیے سولین اداروں کے شانہ بشانہ کام کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے تاکہ ہماری خواتین معاشرے میں خودانحصار ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دور معلومات کی رسائی کا دور ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے مثبت بیانیہ کو آگے بڑھائیں۔ اس دوران انہوں نے وومن ایکسپو میں مختلف اسٹالوں لگوانوں کے لیے 10 لاکھ کی امداد کا اعلان کیا۔اس موقع پر کمشنر مکران شبیر احمد مینگل نے وومن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر اس طرح کے کامیاب پروگرام کا انعقاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی سرپرستی میں ضلع کیچ میں بہت سے منصوبوں پر کام ہورہا ہے جسمیں خواتین کو خصوصی طور اہمیت دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ خواتین اس طرح کے پروگراموں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں تاکہ معاشرے میں ان کو زیادہ سے زیادہ نمائندگی مل سکے اور ایک اچھے طریقے سے ان کے مسائل کو اجاگر کیا جاسکے۔اس موقع پر ڈی سی کیچ حسین جان بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تربت میں کامیاب ایکسپو کے انعقاد کا کریڈٹ وومن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کو جاتا ہے انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرامات کا انعقاد کیا جائے تاکہ سماجی روابط میں بہتری لائی جائے اور لوگوں کے درمیان میل ملاپ میں اضافہ ممکن بنایا جاسکے۔اس موقع پر انہوں نے لوگوں کو ایکسپو سینٹر میں محکمہ صحت کے سٹال میں ویکسینیشن کروانے پر بھی زور دیا۔اس موقع پر صوبہ بلوچستان کی پہلی خواتین محتسب صابرہ اسلام نے ضلع کیچ کے خواتین کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مبارک باد کے مستحق ہیں کہ ان حالات میں تربت میں اس طرح کے کامیاب پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔اس موقع پر یو این ڈی پی کے نمائندے صدیقہ سلطان نے خطاب کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے ساتھ اپنے ادارے کے مختلف جنڈر (صنفی) پروگرام کی تفصیلات کے بارے میں شرکاء کو آگاہی دی۔جبکہ اقوام متحدہ کی وومن ڈیویلپمنٹ پروگرام کے انچارج طلعت جہاں نے ملک میں خواتین کے لیے ایک خوش گوار ماحول پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ خواتین بلاخوف و خطر مردوں کے شانہ بشانہ کام کرسکیں۔قبل ازیں تقریب کی مہمان خاص پارلیمانی سیکریٹری برائے ترقی نسواں میڈم ماہ جبیں شیران نے سیکریٹری وومن ڈیویلپمنٹ ظفر علی بلیدی، آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل کمال انور،کمشنر مکران شبیر احمد مینگل،ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ اور وومن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے دیگر اہلکاروں کے ہمراہ ایکسپو 2022 تربت میں لگے مختلف اسٹالوں کا دورہ کیا اور انکو وہاں پر موجود اسٹال کے منتظمین نے اسٹال میں سہولیات کی فراہمی اور وہاں پر فروخت ہونے والے مختلف اشیاء کے خریدوفروخت کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔ آخر میں پروگرام کے منتظمین کی جانب سے پروگرام کے مہمانوں کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کیے گئے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭


