بدترین کارکردگی پرسرٹیفکیٹ، عمران خان کا نام گنیز بک میں لکھا جانا چاہیے، مولابخش چانڈیو

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ بدترین کارکردگی پر وزرا میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے پر عمران خان کا نام گنیز بک میں لکھا جانا چاہیے۔ اپنے بیان میں مولا بخش چانڈیو نے کہاکہ کٹھ پتلی حکومت کو گنیز بک آف ورلڈ رکارڈ کے ساتھ بھی رابطہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کارکردگی سرٹیفکیٹ کا سارا میلہ مراد سعید کو نوازنے کیلئے سجایا گیا، عمران خان نے اپنے چہیتے مراد سعید کو خوش کرنے کیلئے دوسروں کو بھی سرٹیفکیٹ دے دیئے۔سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہاکہ وزیراعظم سے سوال ہے کہ اگر کابینہ اتنی ہی لائق تھی تو پھر بار بار قلمدان کیوں تبدیل کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ ان اہلیت کا بھانڈا تو پشاور ہائی کورٹ میں بھی پھوٹا جہاں وزیر معافیاں مانگ رہے تھے، زندہ انسانوں کو تو ان سے تکلیف تھی ہی اب عدالت نے انہیں قبروں سے معافی مانگنے کا حکم بھی دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی کارکردگی اتنی ہی اچھی ہے تو چیئرمن بلاول بھٹو زرداری کا چیلینج قبول کریں، سلیکٹڈ ہمت کریں، اسمبلیاں توڑیں اور میدان میں آکر مقابلہ کریں، بھاگ کیوں رہے ہیں،کارکردگی کا اصل سرٹیفکیٹ تو عوام دیں گے، وہاں کیوں نہیں جاتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں