مودی سرکار نے بھارت کا مکروہ چہرہ عیاں کر دیا ہے،مولانا عبدالغفور حیدری
سوراب: جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ مودی سرکار نے بھارت کا سیکولر پردہ چاک کرکے اس کی نام نہاد سیکولرزم شناخت زمین بوس کردی ہے، ہندوستان میں مظلوم مرد اور خواتین پر ظلم و جبر کے خلاف بالخصوص باحجاب خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے پر جمعیت علماء اسلام کی اپیل پر جمعہ کو ملک بھر میں یوم حجاب منایا جارہا ہے اور ملک کے کونے کونے میں اجتماعات اور ریلیاں نکالی گئیں ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ لارجز میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کلب سوراب کے صدر شبیر احمد لہڑی مولانا عبدالحئی بارانزئی سمیت ملاقات کرنے والے دیگر وفودسے بات چیت کرتے ہوئے کیا، وفد نے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی عیادت کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی، سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ بھارت میں خواتین کو حجاب پہننے سے زبردستی روکنے کا عمل قابل مذمت ہے،مودی اور بی جے پی کے گماشتیاپنی متشددانہ پالیسیوں کے ذریعے نہ صرف سیکولر ہندوستان کا چہرہ مسخ بلکہ اپنے ملک کے اس آئین کو بھی پامال کررہے ہیں جس میں اس ملک میں رہنے والی اکثریت اور اقلیت تمام طبقات کو اپنے مذاہب پر عمل کرنے کی اجازت دی گئی ہے، مودی اس حقیقت کو کبھی فراموش نہیں کرسکتا کہ ہندوستان کی تشکیل اور اس کی تعمیر و ترقی میں وہاں کے بسنے والے مسلمانوں کا موثر کردار رہا ہے مگر آج مودی اپنی رجعت پسندی پر مبنی سوچ کے بل بوتے پر بھارت کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کی انتہا کرکے ان کی زندگی اجیرن کردی ہے،اقوام متحدہ،او آئی سی اور انسانی حقوق کے دعویدار تنظیمیں ہندوستان میں مسلم اقلیت پر ہونے والے مظالم روکنے کے لئے کردار ادا کریں اور بلاتاخیر اپنے وفود ہندوستان بھیج دیں جہاں مسلمانوں کے گاؤں کے گاؤں جلائے جارہے ہیں، ان کی دارالحکومت دلی جیسے بڑے شہر میں بھی سرعام بے بس مسلم اقلیت کے گھر جلاکر ان کی خواتین کی عصمت دری کی جاری ہے،جمعیت علماء اسلام اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف حرکت میں آجائیں اور مودی حکومت کی سرپرستی میں مسلم اقلیت پر روا رکھے جانے والی تشدد کے سلسلے کو بروقت روکنے میں کردار اد کریں۔


