سعودی عرب میں ایک ہی روز 81 افراد کو سزائے موت
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں پیر کے دن ایک ہی روز میں 81 افراد کو سزائے موت دی گئی ہے۔ یہ تعداد گزشتہ پورے سال میں دی جانے والی موت کی سزاو¿ں سے زیادہ ہے۔ سعودی حکومت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ان افراد میں یمن کے سات اور شام کا ایک شہری بھی شامل تھے جن کو دہشت گردی اور ’گمراہ کن خیالات‘ سمیت مختلف سنگین جرائم پر سزا سنائی جا چکی تھی۔ ان میں ایسے افراد بھی تھے جن پر الزام تھا کہ وہ شدت پسند تنظیم نام نہاد دولت اسلامیہ، القاعدہ اور یمن کے حوثی باغیوں کا ساتھ دیتے رہے ہیں۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں سزا پانے والے کئی افراد کو منصفانہ مقدمے کا حق نہیں ملتا۔ سعودی حکومت ان الزامات کی تردید کرتی ہے۔ سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جن افراد کو موت کی سزا دی گئی، وہ سب باضابطہ طور پر تین سطحی عدالتی نظام سے گزرے جس کے دوران 13 ججز نے ان مقدمات کی سماعت کی۔ ان افراد پر مختلف نوعیت کے الزامات تھے جن میں اہم معاشی تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی، سعودی عرب کی سیکیورٹی فورسز پر حملے، اغوا، تشدد، جنسی زیادتی اور ملک میں اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش جیسے الزامات بھی شامل ہیں۔


