بھارتی سفارتکار او آئی سی اجلاس کو سبوتاژ کر نا چا ہتے ہیں، وزیر خارجہ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں منعقد ہو گا، 48 ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اس میں شرکت کی تصدیق کی ہے جس کا مقصد مسلم ملکوں کے مابین اتحاد و یکجہتی، معاشی ترقی علاقائی امن و استحکام کا فروغ اور فلسطین و مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو انصاف کی فراہمی ہے، اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن اور بھارتی سفارتکار اس اہم اجلاس کو سبوتاژ کرنے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں،کیونکہ ان کو علم ہے کہ پاکستان اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرے گا، کسی کو ان کے مذموم منصوبوں میں مددگار نہیں بننا چاہئے۔ بھارتی میزائل کے ”حادثاتی”طور پر چلنے سے دو ایٹمی طاقتوں میں جنگ چھڑ سکتی تھی اور اس کے نتائج تباہ کن ہو سکتے تھے۔ نئی دہلی کی یکطرفہ تحقیقات ناکافی ہیں، ہمارے جارحانہ عزائم نہ تھے اور نہ ہیں لیکن ہم اپنے دفاع سے غافل نہیں ہیں، تحریک عدم اعتماد کاآئین کو مد نظر رکھتے ہوئے سیاسی اور جمہوری انداز میں سامنا کریں گے۔مجھے یقین ہے کہ یہ تحریک ناکامی سے دوچار ہوگی۔


