تحریک عدم اعتماد سے نیب کا کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں، اعلامیہ

شاہد خاقان کے الزام پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپنے جواب میں کہا ہےکہ اس کا تحریک عدم اعتماد سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں۔
نیب اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ نیب یقین دہانی کراتا ہےکہ اس کے کسی اہلکار کا تحریک عدم اعتماد سےکوئی تعلق تھا اور نہ ہوگا، نیب کاتعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ اور فرد سے نہیں بلکہ پاکستان سے ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ نیب آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دینے پر یقین رکھتا ہے۔
خیال رہے کہ آج اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ احتساب کا مذاق ملک میں جاری ہے، ہمارے کچھ ارکان کو نیب کے نوٹس آئے ہیں، نیب کو یہ نوٹس بڑے مہنگے پڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدم اعتمادکے معاملے پر نیب کی مداخلت کا کوئی کام نہیں، جو اہلکار بھی اس کا حصہ بنےگا وہ اس کا ذمہ دار ہوگا،کسی غیر قانونی حکم پر عمل کرنا بھی غیر قانونی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں