جیکب آباد، خاتون شوہر سمیت قتل، ورثا کا قومی شاہراہ پر لاش رکھ کر دھرنا
جیک آباد (انتخاب نیوز) جیکب آباد میں مسلح افراد کے ہاتھوں حاملہ خاتون شوہر سمیت قتل، ورثا کا قومی شاہراہ پر لاش رکھ کر دھرنا، پو لیس نے شک کی بنیاد پر 2 افرادکو حراست میں لے لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود گوٹھ واحد بخش ٹالانی میں نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے ایک حاملہ خاتون سلطانہ پری اور اس کے شوہر ذوالفقار ٹالانی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے، اطلاع پر حدود پولیس نے پہنچ کر لاشوں کو سول اسپتال منتقل کیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاشیں ورثہ کے حوالے کی گئی، مقتولین کے ورثہ نے قومی شاہراہ مہر شاہ کے مقام پر لاشیں رکھ کر 5 گھنٹوں تک دھرنا دیا جس کی وجہ سے دونوں اطراف سے سینکڑوں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی، اس موقع پر ڈی ایس پی صدر یار محمد رند نے پہنچ کر مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ قتل میں ملوث قاتلوں کو فلفور گرفتار کیا جائے گا جس پر مظاہرین نے اپنا دھرنا ختم کیا۔ ادھر مقتول ذوالفقار ٹالانی کے بھائی ارشاد ٹالانی کا کہنا تھا کہ خارانی برادری کے مسلح افراد نے ہمارے گھر پر حملہ کرکے میرے بھائی اور بھابھی کو قتل کیا انہوں نے کہا کہ قاتلوں کی نشاندہی کردی ہے پولیس فلفور قاتلوں کو گرفتار کرکے ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔ ایس ایچ او صدر سعید جمانی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ واقعہ رشتے کے تنازعہ پر پیش آیا ہے اور شک کی بنیاد پر دو افراد کو گرفتار کیا ہے مزید تفتیش جاری ہے۔


