پرامن لوگ ہیں ورنہ گورنر ہاؤس سے کسی کو نکالنا بہت معمولی بات ہے،عطاتارڑ

لاہور:مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ ہم پر امن لوگ ہیں ورنہ گورنر ہاؤس سے کسی کو نکالنا بہت معمولی بات ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا ہم آئین و قانون کی بالادستی پر قائم ہیں اور قائم رہیں گے، گورنر 4 دن تاریخ میں نام لکھوانے کے لیے اپنی ضد پر اڑا ہوا ہے، گورنر صاحب آپ تاریخ میں آئین شکن کے طور پر جانے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام بہت زیادہ مشکلات کا شکار ہیں، دفتر بند ہیں، فائلیں رکی پڑی ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، عمران خان تباہی اور بربادی پھیلانا چاہتے ہیں، عمران خان اپنی انا کی تسکین کے لیے حلف برداری نہیں کروا رہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کو بھی تین دن گزر چکے ہیں، عدالت کی فیصلے کو بھی خاطر میں نہیں لایا جا رہا، گورنر پنجاب غیر آئینی طور پر گورنر ہاؤس میں بیٹھے ہوئے ہیں، ہم پرامن لوگ ہیں ورنہ گورنر ہاؤس سے کسی کو نکالنا بہت معمولی سی بات ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا صوبہ بغیر حکومت اور بغیر کابینہ کے چل رہا ہے، عمران نیازی صاحب کئی سال سے پنجاب سے انتقام لے رہے ہیں، عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنا کر پنجاب کی عوام سے انتقام لیا گیا، اب عمران خان اور ان کا نام نہاد گورنر ضد پر اڑے ہوئے ہیں، وہ صوبے کو آئینی بحران میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں