جیکب آباد، گرمی کی شدت میں اضافہ، درجہ حرارت 50سنٹی گریڈ ریکارڈ
جیکب آباد:جیکب آباد میں سورج سوا نیزے پر، درجہ حرارت دوسرے روز بھی 50سینٹی گریڈ ریکارڈ، گرمی سے ایک ضعیف العمر شخص فوت، دو افراد بے ہوش ہسپتال منتقل تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں سورج سوا نیزے پر آگیا ہے محکمہ موسمیات کی جانب سے دوسرے روز بھی درجہ حرارت 50سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر میں سارا دن گرم ہوائیں چلتی رہی، جسم جھلسانے دینے والی گرمی کی وجہ سے شہر کے راستے ویران ہو گئے اور شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، گرمی سے بسکٹ فروخت کرنے والا ضعیف 65سالہ پیر بخش ولد الٰہی بخش مغل ٹی این ٹی کالونی کے قریب گر کر بے ہوش ہو گیا جسے سول ہسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹر نے ضعیف شخص کے فوت ہونے کی تصدیق کی گرمی کی شدت سے دو افراد ضمیر احمد ولد غلام محمد اور محمد ایوب ولد محمد یعقوب بے ہو ش ہو گئے جنہیں سول ہسپتال لے جایا گیا ڈاکٹر کے مطابق ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے دو افراد بے ہوش ہوئے تھے جنہیں ہیٹ اسٹروک وارڈ میں داخل کیا گیا طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔


