بلدیاتی انتخابات میں قوم پرستی اور مذہب پرستی کا کارڈ کھیلا گیا، نواب ثناء اللہ زہری
کوئٹہ (انتخاب نیوز) سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی پر خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری مشینری، قوم پرستی اور مذہب پرستی کے نام پر پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں کو ہرانے کی بھرپور کوشش کی گئی لیکن جیالے ثابت قدم رہے اب تک غیر حتمی نتائج سے پیپلز پارٹی کی جیت واضح ہوچکی ہے۔ اپنے ایک جاری کردہ بیان میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کامیاب ہونیوالے تمام امیدواروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں جس کی واضح مثال ملک میں اٹھارویں ترمیم ہے، اختیار کی نچلی سطح پر منتقلی سے ہی پسماندہ علاقوں میں ترقی کے سفر کا آغاز ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے موقع پر پیپلز پارٹی کی جانب سے اب تک کی صوبے بھر میں کلین سوئپ واضح کرتی ہے کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف علی زرداری اورفریال تالپور کی بہترین حکمت عملی کا نتیجہ ہے اور جیالوں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں جوش و جذبہ قابل دید رہا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان اور جیالے آئندہ جنرل الیکشن کی تیاری بھی بھرپور انداز میں جاری رکھیں کیونکہ حالیہ بلدیاتی انتخابات کے موقع پر پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں کو ہرانے کیلئے نہ صرف قوم پرستی اور مذہب پرستی کا کارڈ کھیلا گیا حتیٰ کہ سرکاری مشینری کو بھی استعمال کیا گیا لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے ثابت قدم رہے اور بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے جمہوریت پسندی کا ثبوت دیا۔


