بد عنوانی اور خاندانی سیاست بھارت کے دو بڑے مسائل ہیں، مودی

نئی دہلی:بھارتی وزیر اعظم مودی نے کہاہے کہ پچھلے 75سالوں میں ملک نے بہت سے نشیب و فراز دیکھے ہیں اور اس دوران بہت سی تکالیف کے ساتھ ہی کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔ ہم نے قدرتی آفات، جنگوں اور دیگر مسائل کا سامنا کیا۔ تاہم تنوع میں اتحاد ہماری رہنما طاقت رہی ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت کی 75ویں یوم آزادی کے موقع پر حسب روایت لال قلعے کی فصیل سے خطاب کیا،وزیر اعظم مودی نے اپنے طویل خطاب میں عوام پر زور دیا کہ وہ ملک کو آگے لے کر جائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں، آئندہ 25 برسوں میں بھارت ایک ترقی یافتہ ملک بن جائے۔ان کا کہنا تھا کہ جب آزادی کے سو برس مکمل ہوں، تو بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس کے لیے عوام سے پانچ پختہ عزم کرنے کو کہاکہ ہمیں ایک ترقی یافتہ بھارت کی سمت میں کام کرنا، استعماریت کے تمام نشانات کو ہٹانا، اپنی جڑوں سے مربوط رہنا، تنوع میں اتحاد کو یقینی بنائے رکھنا اور ایک شہری کے طور پر اپنے فرائض کر انجام دینے کا عہد کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی اور خاندانی سیاست بھارت کے دو سب سے بڑے چیلنج ہیں اور عوام کو چاہیے کہ وہ بھی اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے کام کریں۔جب تک لوگ بدعنوانوں کو سزا دینے کی ذہنیت نہیں بنائیں گے اس وقت تک قوم بہتر رفتار سے ترقی نہیں کر سکتی۔بدعنوانی بھارت کی بنیاد کو کھائے جا رہی ہے۔ میں اس کے خلاف لڑنا چاہتا ہوں۔ میں 130 کروڑ بھارتیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بدعنوانی کے خلاف لڑنے میں میری مدد کریں۔ کچھ لوگ بدعنوانی کے جرم میں سزا پانے والوں اور جیلوں میں وقت گزارنے والوں کی تعریف کرتے رہتے ہیں۔ ہمیں بدعنوانی اور بدعنوانوں کے خلاف نفرت کا رویہ اپنانا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین کا احترام بہت ضروری ہے، جو بھارتی ترقی کا ایک اہم ستون ثابت ہو سکتی ہیں۔ہمیں اپنی خواتین کی طاقت کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔ اس طاقت کو تمام شعبوں میں نمائندگی دی جا رہی ہے اور ہم اپنی بیٹیوں کو جتنی زیادہ مواقع دیں گے، وہ ہمیں اتنا ہی آگے لے جائیں گی۔بھارتی وزیر اعظم نے اس موقع پر اپنے اس نعرے کو بار بار دہرایا کہ بھارت کو دوسروں پر منحصر ہونے کے بجائے خود کفیل ہونا ہو گا تاکہ دفاع سمیت تمام چیزوں میں بھارت دوسروں کا محتاج نہ رہے۔ انہوں نے اپنی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 75 برسوں میں پہلی بارلال قلعے میں یوم آزادی پر جس توپ سے آج سلامی پیش کی گئی وہ، خود بھارت نے تیار کی ہے، جبکہ اب تک بیرونی توپوں کا استعمال ہوتا رہاتھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں