امریکا کا پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے ایک کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے ایک کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کردیا۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے واشنگٹن میں امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے ملاقات کی اوردوطرفہ تعلقات سمیت اہم امورپرتبادلہ خیال کیا۔پاکستان اور امریکا کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر امریکی محکمہ خارجہ میں تقریب ہوئی جس میں وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری اور امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے خطاب کیا۔امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا اورپاکستان کوسیلاب سے فصلوں کو ہونے والے نقصان کے تناظر میں فوڈ سکیورٹی کے لئے مزید ایک کروڑ ڈالرامداد دینے کا اعلان کیا۔امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔پاکستان کے لیے انتہائی مشکل وقت ہے۔ سیلاب کے چیلنج سے فوری نہ نمٹا گیا تو اس کے اثرات طویل مدت کے لئے ہوں گے۔ امریکا نے سیلاب زدگان کے لیے پاکستان کو 55 ملین ڈالر سے زائد کی امداد فراہم کی ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے خطاب میں کہا کہ پاکستان اورامریکا کے درمیان سفارتکاری واپس آئی ہے۔ پاکستان میں 3کروڑ سے زائد افراد سیلاب سے متاثر ہیں۔ ماحولیاتی انصاف پر امریکا سے مدد اور تعاون چاہتے ہیں۔ یہ سبز انقلاب کا وقت ہے ہمیں یقین ہے صدر بائیڈن قیادت کریں گے۔وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے سیلاب زدگان کی امداد پر امریکا کا شکریہ ادا کیا اور امریکی ہم ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں