جے یو آئی کے بعد بی این پی مینگل کا بھی بلوچستان حکومت میں شمولیت پر غور

کوئٹہ :جمعیت علماءاسلام کے بعد بی این پی مینگل نے بھی بلوچستان حکومت میں شامل ہونے پر غور شروع کردیا گزشتہ رات اسلام آباد میں چیئر مین سینیٹ کی رہائش گاہ پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، بی این پی کے قائد سردار اختر جان مینگل اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فیصلہ کیا گیا، انتہائی با وثوق ذرائع کے مطابق جمعیت علماءاسلام کے بعد بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل نے بھی بلوچستان حکومت میں شامل ہونے پر غور شروع کردیا ہے دونوں جماعتوں بی این پی مینگل اور جمعیت علماءاسلام کے درمیان ماضی کی طرح مستقبل میں بھی مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ دونوں جماعتوں نے حتمی مشاورت کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے وقت بھی مانگ لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی رہائش گاہ پر ہونے والی اہم ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، بی این پی مینگل کے قائد سردار اختر جان مینگل اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی شریک تھے، جنہوں نے بلوچستان کے موجودہ سیاسی صورتحال کے ساتھ ساتھ بی این پی کے حکومت میں شامل ہونے پر بھی بات چیت کی ذرائع کے مطابق بی این پی مینگل نے اس حوالے سے جے یو آئی کے ساتھ مشترکہ لائحہ طے کرنے پر حامی بھرتے ہوئے حتمی مشاورت کیلئے وقت مانگا ہے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں جے یو آئی اور بی این پی کی حکومت میں شامل ہونے کی خبریں سامنے آنے پر حکومت میں شامل چھوٹی جماعتوں میں کھلبلی مچ گئی، تاہم دونوں جماعتوں کی جانب سے حکومت میں شامل ہونے سے متعلق اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں