بلوچستان میں پبلک سروس کمیشن کے امتحانات آئندہ سال مارچ کے بعد لیے جائیں، امیدوار

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان بھر سے پبلک سروس کمیشن کے تحت پی سی ایس کے امتحان کے امیدواران نے وزیراعلیٰ بلوچستان ، چیئرمین پبلک سروس کمشن اور دیگر حلقوں سے استدعا کی ہے کہ بلوچستان پبلک سروس کمشن پی سی ایس کے امتحانات آئندہ مارچ کے بعد منعقد کرے۔ اسکی وجہ یہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان کے طول عرض میں اور بلخصوص نصیر آباد ، جعفر آباد ڈویژن ، لسبیلہ و دیگر علاقوں میں شدید سیلابوں کے باعث اکثر گھر تباہ ہوئے جس کی وجہ سے نوجوان تیاری نہیں کر پائے ہیں لہذا انہیں صوبے کے سب سے بڑے امتحان کی تیاری کیلئے مناسب وقت مہیا کیا جائے ۔انہوں نے کہا ہے کہ آفت زدہ قرار دیئے جانے والے اضلاع میں تقریباََ تمام جبکہ دیگراضلاع میں اکثرگھر متاثر ہوئے ہیں اس صورت میں ایسے تباہ حال گھروں کے امیدواران کے لئے پی سی ایس جیسے بڑے امتحان کی تیاری کرنا ناممکنات میں سے تھا ۔ ایسے ماحول میں جہاں سر سے چھت چھن گیا ہو ، گھر بار پانی کی نذر ہو گیا ہو اور کھانے تک کے لالے پڑے ہوں کوئی کیسے کسی امتحان کی تیاری کرسکتا ہے ۔اس لئے تمام امیدواران نے بیک آواز استدعا کی ہے کہ پی سی ایس امتحانات کو آئندہ مارچ کے بعد منعقد کیا جائے تاکہ تمام اضلاع کے امیدواران بلخصوص خواتین امیدواران جو زیادہ متاثر ہوئیں ہیں کو تیاری کرنے کے لئے مناسب وقت میسر ہوسکے ۔بلوچستان بھر سے تعلق رکھنے والے امیدواران نے مزیدکہا ہے کہ بلوچستان میں تاریخ کے بدترین سیلاب اور لاکھوں گھروں کی تباہی نے نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی توجہ حاصل کی ہے پوری قوم اور دنیا کو بلوچستان کے مسائل کا ادراک ہے اور وہ اپنے طور پر مدد بھی کر رہے ہیں ، اسی طرح وزیراعلیٰ بلوچستان ، صوبائی کابینہ ، چیئرمین پبلک سروس کمشن اور دیگر مختار حلقوں کو بھی چایئے کہ وہ تباہ حال گھروں سے تعلق رکھنے والے پی سی ایس کے امیدواران کے مصائب کا ادراک کرتے ہوئے ان کو صرف اتنی سہولت مہیا کریں کہ بلوچستان پبلک سروس کمشن کے تحت دسمبر میں ہونے والے پی سی ایس کے امتحانات آئندہ مارچ کے بعد منعقد کرائے جائیں تاکہ تباہ حال گھروں کے امیدواران کو امتحان کی تیاری کرنے کا کچھ وقت میسر ہو سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں