طالبعلم اسرار کا قاتل باپ پارٹی کا کونسلر ہے، گرفتار کیا جائے، آل پارٹیز لورالائی
لورالائی (انتخاب نیوز) لورالائی میں آل پارٹیز کے زیر اہتمام طالبعلم اسرار کے قتل اور لورالائی شہر و گردونواح میں امن کی مخدوش صورتحال لورالائی انتظامیہ کی ناکامی کے خلاف احتجاجی جلوس ومظاہرہ کیا گیا جو بعد میں ژوب روڈ سپلائی چوک پراحتجاجی جلسہ زیر صدارت مولانا سلطان جان حمزہ زئی منعقد ہوا جلسے سے جمعیت کے مولانا سلطان جان حمزہ زئی پشتوننخوا میپ کے سردار گل مرجان کبزئی اے این پی کے منظورکاکڑجمعیت علمائے پاکستان کے مولانا اقبال این ڈی ایم کے اسفند یارخان کاکڑ مسلم لیگ کے حاجی مومن خان ناصر جماعت اسلامی کے نورالدین غلزئی پی ، پی ، پی کے ضلعی سینئر رہنما خیر محمد ناصر پی ، ٹی، ایم کے عمر کدیزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لورالائی میں ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ اور پولیس مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور یہاں تخریب کاروں کاراج ہے اور انکو ایف سی انتظامیہ اور پولیس کی سپورٹ حاصل ہے جس کے ثبوت موجود ہیں موجودہ قاتل باپ پارٹی کا کونسلر ہے، جسے ڈپٹی کمشنر نے دھاندلی سے کامیاب کرایا ہے تمام سیاسی جماعتوں نے ڈپٹی کمشنر کو ناکام اور کرپٹ قرار دیتے ہوئے انہیں فوراً ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں کہا کہ ہمیں معلوم نہیں کہ لورالائی کے اختیارات کس کے پاس ہے تمام تخریب کاری کے واقعات ایف سی اور لیویز کے وردی میںہورہے ہیں اور ان کے پاس سرکاری اسلحہ بھی موجود ہے۔ لورالائی ، قلعہ سیف اللہ ، ژوب ، شیرانی ، زیارت ، موسیٰ خیل اور ہرنائی کے امن کو خراب کرکے اسکو تخریب کاری کی طرف دھکیلا جارہا ہے جسکی ہم کسی صورت اجازت نہیں دیں گے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرار اوتمان خیل کے قاتل کو فوری گرفتار کیا جائے ۔اسرار ناصر کو بازیاب کرایا جائے 30، اکتوبر کو عبدالرحیم خان کلب میں گرینڈجرگہ منعقد ہوگا جس میں تمام طبقہ فکر کو دعوت دی جاتی ہے۔


