پانچ روز میں مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو حالات کی ذمے داری حکومت پر ہوگی، فزیو تھراپسٹ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) فزیو تھراپسٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین رشید رحمت نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ہمارے مطالبات پر عملدرآمد کرکے نوٹیفکیشن جاری کرے اور ہمارے پر امن احتجاج کو سبوتاژ کرنے والے ملازمین کو معطل کرکے ان کے خلاف کارروائی کرے اگر 5 یوم میں ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ہم سخت لائحہ عمل اپناتے ہوئے تادم مرگ بھوک ہڑتال کریں گے، جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے لگائے جانے والے احتجاجی کیمپ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ان کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ پانچ ماہ سے اپنے جائز 5 مطالبات کو تسلیم کرانے کے لئے سراپا احتجاج ہیں لیکن ہمیں آئے روز تسلیاں دی جارہی ہے ہم نے متعدد بار احتجاجی مظاہرے کئے ریلیاں نکالی لیکن یقین دہانی کے علاوہ کچھ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ہمارے ساتھیوں میں تشویش پائی جاتی ہے حالانکہ وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے مذاکرات میں مطالبات تسلیم کرنے کا اعلان کیا پانچ روز تک ریڈ زون میں دھرنا دیا جس کے بعد ہم پر لاٹھی چارج ہوا مقدمات درج کئے گئے اور گرفتاریاں کی گئیں۔ ہمارے ساتھیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اس میں خواتین نہ بخشا گیا ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارے پر امن احتجاج کے دوران خواتین پر تشدد کرنے والے اہلکاروں کو معطل کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے، اس وقت 1200 گریجویٹس حکومت کی جانب سے ملازمتوں کے نوٹیفکیشن کے اجراکے منتظر ہیں لیکن حکومت اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہی جس کی وجہ سے ہمارے ساتھیوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور پانچ یوم کے اندر اگر ہمارے مطالبات تسلیم کرکے نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا تو ہم مجبورا آئندہ کا لائحہ عمل طے کرتے ہوئے تادم مرگ بھوک ہڑتال کریں گے اس لئے حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ہمارا علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں