سعودی عرب کرپشن کے الزام میں اعلیٰ حکام سمیت 184افراد گرفتار

واشنگٹن (آئی ا ین پی ) امریکا میں سعودی عرب کی سفیر نے کہا ہے کہ ریاض اور واشنگٹن کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا ازسرنو جائزہ لینا ایک مثبت چیز ہے۔ شہزادی ریما بنت بندر نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ موجودہ بادشاہت وہ نہیں جو پانچ سال پہلے تھی، ہم ایک نوجوان آبادی ہیں، ہمارے پاس ایک نوجوان قیادت ہے اور ہمارا مقصد دنیا کے ساتھ اس طرح سے جڑنا ہے جو ہم نے پہلے کبھی نہیں کیا تھا۔ امریکا میں سعودیہ سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے نقطہ نظر میں اختلاف رائے ہے، اختلاف کرنا ٹھیک بات ہے تاہم دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرنا ہوگا، بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ باقاعدگی سے رابطے میں ہیں اور واضح طور پر یہ ایک ایسی انتظامیہ ہے جس کا میں بہت احترام کرتی ہوں۔ شہزادی ریما بنت بندر نے اوپیک پلس کے فیصلے سے متعلق امریکی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگوں نے اس اقدام کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی تاہم ایسا نہیں ہے۔ادھر سعودی ادارہ انسداد کرپشن نے کہا ہے کہ کرپشن کے الزام میں 148 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، ادارے نے 3426 تفتیشی دورے کئے ہیں۔ ادارے نے کہا ہے کہ گرفتار شدگان میں سے وزارت داخلہ، وزارت دفاع، وزارت صحت اور وزارت بلدیاتی امور کے اعلی عہدیدار بھی شامل ہیں۔ادارے نے کہا ہے کہ مذکورہ کیسز میں 60 افراد کو حراست میں رکھا گیا ہے جبکہ باقی افراد کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔رہا کئے جانے والے افراد کے کیسز کی تفتیش جاری ہے جبکہ حراست میں لئے جانے والے افراد کو شواہد جمع کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں