جعفر ایکسپریس کو دس نومبر سے پشاور سے مچھ تک چلانے کا فیصلہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) سبی جیکب آباد ریلوے سیکشن پر سیلاب سے متاثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام مکمل ہوگیا،محکمہ ریلوے نے جعفر ایکسپریس کو دس نومبر سے پشاور سے مچھ تک چلانے کا فیصلہ کرلیا۔ریلوے حکام کے مطابق رواں سال بیس اگست سے بلوچستان کے اضلاع سبی،نصیر آباد،جعفر آباد میں آنے والے سیلابی ریلوں کی وجہ سے سبی جیکب آباد ریلوے سیکشن پر سو کلو میٹر ٹریک شگاف پڑنے کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوا تھا ریلوے کے عملے نے دو ماہ کی جدوجہد کے بعد سبی جیکب آباد ریلوے سیکشن پر ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام مکمل کرلیا۔ حکام کے مطابق گزشتہ روز ریلوے ٹریک کی مرمت کا جائزہ لینے کیلئے جیکب آباد سے چلائی گئی مال گاڑی ٹرین سبی پہنچ گئی،ریلوے ٹریک کی مرمت مکمل ہونے کے بعد بلوچستان سے اندورن ملک کیلئے ٹرینوں کی بحالی کا امکان روشن ہوگیا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق پشاور جانے کیلئے جعفر ایکسپریس کو دس نومبر سے مچھ سے چلانے کا فیصلہ کیا ہے،جعفرایکسپریس کے بعد کراچی سے بولان میل کو بھی مچھ تک چلایا جائے گا تاہم ہرک پل کی تعمیر مکمل ہونے بعد کوئٹہ سے ٹرین سروس بحال ہوسکے گی۔


