ہاﺅس ریکوزیشن، بقایا جات سمیت دیگر مطالبات منظور کیے جائیں، بیوٹمز ملازمین

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بیوٹمز ملازمین کی کور کمیٹی نے یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جامعہ کی سینڈیکیٹ کمیٹی کا اجلاس 11نومبر تک طلب کر کے ملازمین کے ہاﺅس ریکوزیشن ، ڈی آر کے بقایاجات سمیت دیگر مطالبات کو منظور کروایا جائے بصورت دیگر ملازمین احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبو ر ہونگے۔ یہاں جاری کردہ ایک بیان میں ملازمین کی کور کمیٹی نے کہا ہے کہ بیوٹمز ملازمین کے گزشتہ دنوں ہونے والے جنرل اجلاس میں ملازمین نے انتظامیہ کی جانب سے ان کے جائز اور دیرینہ مطالبات پر عملدآمد پر سست روی اختیار کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ملازمین تاحال2021کے ڈی آر اے کے بقایاجات، ہاﺅس ریکوزیشن سمیت دیگر مراعات سے محروم ہیں اور اس وقت ملازمین میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیوٹمز ملازمین گزشتہ ایک سال سے اپنے جائز مطالبات کی منظور ی کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں جامعہ انتظامیہ کی جانب سے کئی بار مطالبا ت تسلیم کر تے ہوئے ان کے حل کی یقین دہانی کروائی گئی مگر عملی طور پر ان میں لیت و لعل سے کام لیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنرل میٹنگ کے بعد کور کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ بیوٹمز انتظامیہ 11نومبر تک سینڈیکیٹ کے اجلاس کا انعقاد کروا کر فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے منظور شدہ نکات جن میں ہاﺅس ریکوزیشن ، 2021کے ڈی آر اے کے بقایاجات سمیت دیگر نکات شامل ہیں کو منظور کروائے اور ملازمین کو فوری طور پر ریلیف فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ کی جانب سے 11نومبر تک ملازمین کے مطالبات نہیں مانتے تو بیوٹمز ملازمین احتجاج کر نے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں