آواران میں 14 نومبر سے زمینداروں میں کاشتکاری کے لئے مفت بیج فراہمی کا آغاز کردیا جائیگا
آواران:حکومت بلوچستان کی جانب سے سیلاب کے نقصانات کے ازالے کی خاطر زمینداروں کو ربیع فصل کے لئے مفت بیج فراہم کی جارہی ہے، اس سلسلے میں ضلع آواران میں 14نومبر بروزپیر سے زمینداروں میں مفت بیج کی فراہمی شروع کردی جائیگی، ضلع آواران کے زمینداروں کے لئے بیج کے 4500تھیلوں پر مشتمل کھیپ آج ہی ضلع آواران پہنچا دیا گیا ہے۔جنہیں متعلقہ تحصیلوں کے ڈسٹربیوشن کمیٹیز کے ارکان نے وصول کردیا۔آواران جھاؤ اور مشکے کی تحصیلوں میں ڈسٹری بیوشن پوائنٹس قائم کردیئے گئے ہیں جہاں مقرر کردہ کمیٹیز اراکین کی نگرانی میں بیج زمینداروں میں تقسیم کردیا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر آواران کیپٹن ریٹائرڈ جمعداد خان مندوخیل نے گندم تقسیم کرنے کے لئے بنائی گئی کمیٹیز کے اراکین کو سختی کے ساتھ ہدایت کی ہے کہ وہ منصفانہ انداز میں اپنی اپنی تحصیلوں کے زمینداروں میں بیج تقسیم کردیں اور میعار و میرٹ کا ہر صورت میں خیال رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھاکہ رواں سال مون سون کی طوفانی بارشوں کے باعث زمینداروں کوپہنچنے والے نقصانات کے بعد حکومت نے انہیں کاشتکاری کے لئے مفت بیج فراہم کرنے کا اعلان کردیا تھا اور صوبے کے دیگر حصوں کی طرح ضلع آواران کے زمینداروں میں بھی مفت بیج تقسیم کیا جارہاہے تاکہ وہ کاشتکاری کرسکیں زیادہ سے زیادہ گندم کی پیدوار ہو اور عوام الناس کو خورا ک کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


