کوئٹہ , سول ہسپتال کے آپریشن تھیٹروں اور ہاسٹل میں گیس پریشر میں کمی،متعدد مریضوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہوگئے
کوئٹہ:کوئٹہ کے سول ہسپتال کے آپریشن تھیٹروں اور نرسنگ ہاسٹل میں گیس پریشر میں کمی،متعدد مریضوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہوگئے۔ ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ نے گیس پریشربڑھانے کیلئے سوئی سدرن گیس کمپنی کو خط لکھ دیا۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے سول ہسپتال میں واقع ایمرجنسی آپریشن تھیٹروں،گائنی آپریشن اور آرتھوپیڈک آپریشن تھیٹروں میں گیس پریشر کی کمی کے باعث ڈاکٹروں کو مریضوں کو آپریشن کرنے میں شدید مشکلات درپیش ہیں جس کے پیش نظرایم ایس سو ل ہسپتال کوئٹہ نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ گیس پریشر کی کمی کے باعث آپریشن کے دوران مریضوں کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں مریضوں کو ہاپیو تھرمیا میں جانے کا خدشہ پیداہو جاتا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سول ہسپتال نے 50لاکھ روپے کے واجبات بھی ادا کردیئے ہیں اب اسکے باوجود بھی گیس پریشر کا مسئلہ حل نہیں ہورہا یہی صورتحال نرسنگ ہاسٹل میں بھی ہے جہاں رہنے والی نرسوں اورانکے خاندانوں کو بھی سردی کے موسم میں گیس پریشرکی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں گیس پریشر کا مسئلہ جلدازجلد حل کیا جائے تاکہ24نومبر کو بلوچستان ہائیکورٹ میں گیس پریشرکے حوالے سے ہونے والی سماعت میں ایم ایس سول ہسپتال عدالت کو اس حوالے سے آگاہ کرسکیں۔


