آئین اور 18ویں ترمیم کا گلا گھونٹنے والے ریکوڈک معاہدے میں ایک قوم پرست پارٹی ملوث ہے، نیشنل پارٹی

گوادر (بیورو رپورٹ) نیشنل پارٹی گوادر کے زیر اہتمام ریکوڈک معاہدہ کیخلاف جیونی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے حمید انجینئر، اکرم رمضان، آدم قادر بخش، بی ایس او پجار کے سینٹرل کمیٹی کے رکن ظریف احمد دشتی، اسماعیل شیخ، ولید بزنجو، فیض نگوری و دیگر مقررین نے کہا کہ ریکوڈک کا معاہدہ بلوچستان کے وسائل پر قبضہ کرکے معدنی وسائل کی لوٹ مار کا بین الاقوامی معاہدہ ہے، سوئی گیس کو لوٹ کر ملک بھر میں گیس کی فراہمی کے بعد اب ریکوڈک کا معاہدہ بین الاقوامی چوری ہے۔ مقررین نے کہا کہ ریکوڈک معاہدے میں ایک قوم پرست پارٹی براہ راست ملوث ہے، ریکوڈک بلوچستان کے عوام کی مشترکہ ملکیت ہے۔ اٹھارویں ترمیم کے تحت تمام وسائل صوبائی حکومت کے زیر انتظام آتے ہیں لیکن ریکوڈک معاہدہ 1973ءکا آئین اور اٹھارویں ترمیم کا گھلا گھونٹ کر براہ راست قتل ہے۔ 1973ءکے آئین اور اٹھارویں ترمیم سردار عطاءاللہ مینگل اور دیگر اکابرین کی پچاس سالہ جدوجہد اور قربانیوں کا تسلسل رہا ہے لیکن انکے فرزند نے اپنے والد محترم کی پچاس سالہ جدوجہد کا قتل کرکے بلوچستان کے عوام کے مجرم ٹھہرے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں