اسرائیلی آبادکاروں کا مسجد اقصیٰ پر دھاوا، فلسطینیوں پر صوتی بم اور آنسو گیس کی شیلنگ
بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے اسرائیلی پولیس اور فوج کی فول پروف سکیورٹی میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا اور بے حرمتی کی۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلیوں نے مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں دھاوا بولا اور جگہ جگہ پھیل گئے۔ اس دوران اسرائیلی فوج کی موجودگی میں آباد کاروں نے مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں اشتعال انگیز حرکات کا ارتکاب کیا۔ اسرائیلی فوج اور آباد کاروں کے گھیراؤ سے قبل فلسطینیوں کی بڑی تعداد قبلہ اول میں موجود تھی۔ انہوں نے اسرائیلیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ فلسطینی نمازیوں کے اللہ اکبر کے فلک شگاف نعروں سے قبلہ اول کی فضا گونج اٹھی۔ اس دوران فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی فوج پر سنگ باری کی جبکہ دوسری طرف سے اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی نمازیوں کو قبلہ اول سے باہر نکالنے کے لیے ان پر طاقت کا استعمال کیا اور ان پر صوتی بم برسائے اور آنسوگیس کی شیلنگ کی۔


