رات 8 بجے دکانیں اور مارکیٹیں بند ہوں تو روزانہ 50 میگا واٹ بجلی کی بچت ہوگی، کیسکو ترجمان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بجلی بچت پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے رات 8 بجے دکانیں اور مارکیٹیں بند کی جائیں تو روزانہ 50 میگا واٹ بجلی کی بچت ہوگی اس میں 20 میگا واٹ کوئٹہ اور 30 میگا واٹ بلوچستان کے دیگر شہروں میں ہوگی اس وقت بلوچستان بھر میں 719 فیڈر ہیں جو بجلی کی ترسیل کو یقینی بناتے ہیں اور بلوچستان کے 6 لاکھ 62 ہزار 124 صارفین کی 1500 میگاواٹ زیادہ سے زیادہ ڈیمانڈ کو پورا کرنے کے لئے بجلی فراہم کرتے ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے،،آن لائن،، سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سٹی فیڈر پر رات 8 بجے مارکیٹیں اور دکانیں بند کرنے سے توانائی بچت پالیسی پر عمل پیرا ہونے سے کوئٹہ شہر میں 20 میگاواٹ بجلی اور صوبے کے دیگر علاقوں میں اسی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے رات 8 بجے تک دکانیں اور مارکیٹیں بند کرنے سے 30 میگاواٹ بجلی کی بچت ہوگی۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں صفر سے لیکر 8 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے اور کوئٹہ سے باہر ضلعی ہیڈ کوارٹر میں 10 سے 12 گھنٹے بجلی فراہم کررہے ہیں اس کے علاوہ دیہی اور زرعی فیڈرز پر 6 سے 8 گھنٹے بجلی کی سپلائی ہورہی ہے۔ جن زرعی فیڈرز پر وصولی کا تناسب کم ہے و ہاں پر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی زیادہ ہے جن فیڈر پر وصولیوں کا تناسب زیادہ ہے وہاں پر لوڈ شیڈنگ کم ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس ہماری ضرورت کے مطابق بجلی وافر مقرار میں موجود ہے اور ضرورت کے مطابق لوڈ مینجمنٹ کے تحت لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا اور بڑھایا جاتا ہے۔ جن علاقوں میں واجبات کی وصولی زیادہ ہورہی ہے وہاں پر لوڈ شیڈنگ کم کی جاتی ہے جن علاقوں میں وصولی کم ہوتی ہے وہاں پر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھا دیا جاتا ہے کیونکہ وصولی کی تناسب اور لائن لاسز کو ملحوظ خاطر رکھ کر لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے اگر حکومت بزنس کمیونٹی، تاجر برادری اور عوام توانائی بچت پالیسی پر عمل پیرا ہوکر بجلی کی بچت کرتے ہیں تو اس سے ملک اور صوبے کا ان لوگوں کا بھی فائدہ ہوگا۔ بجلی کا ضیاع روک کر کیسکو اپنے صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن بناسکتی ہے۔ کوئٹہ اور گردونواح بالخصوص سریاب سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائنوں یا دیگرضروری مرمت کے علاوہ سریاب میں تعمیراتی کام کے باعث بجلی بند کرنے سے قبل میڈیا کے ذریعے صارفین کو آگاہ کیا جاتا ہے اس کے باوجود سریاب اور دیگر علاقوں میں تعمیراتی کام کے لئے بجلی کی بندش کو لوڈ شیڈنگ کا نام دیتے ہیں جس میں کوئی صداقت نہیں ہوتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں