کراچی، ڈکیتی میں گرفتار 4 ملزمان کا 100 سے زائد وارداتیں کرنے کا اعتراف
کراچی(انتخاب نیوز)سرسید ٹائون پولیس کے ہاتھوں گرفتار 4ملزمان نے دوران تفتیش 100سے زائد وارداتیں کرنے کا اعتراف کرلیا۔ملزمان کی نشاندہی پر چھینے ہوئے 100موبائل فونز ،100پرس ، ڈرائیونگ لائسنس ، پاسپورٹ ، شناختی کارڈز اور دیگر سامان برآمد کرلیے گئے۔گرفتار ملزمان میں عبدالرحمان عرف سونو، اسامہ، ندیم عرف ڈان، ولید عرف خوف شامل ہیں اور چاروں ملزمان کو سرسید پولیس نے جمعے کو پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ملزمان زیادہ تر وارداتیں سپرہائی وے پر سبزیوں کے آڑھتی، تاجروں اور دیگر شہریوں کو لوٹتے تھے اور ان کی واردات کا وقت مقرر تھا وہ صبح 8بجے سے 12بجے تک وارداتیں کرتے تھے۔پولیس کے مطابق ملزمان کا گروپ 12ملزمان پر مشتمل ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے، ملزمان وارداتوں کے بعد اندرون سندھ میں روپوشی کی زندگی گزارتے تھے۔


