شہباز شریف حکومت 172لوگوں کی حمایت کھو چکی ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیربرائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ محدود تعداد میں اسمبلی جانے کا مقصد راجہ ریاض احمد خان کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے فارغ کرنا تھا ورنہ اس قومی اسمبلی کی کو نمائندہ حیثیت نہیں کہ اس میں واپس جائیں، اس وقت شہباز شریف حکومت 172 لوگوں کی حمایت کھو چکی ہے اور حکومت بچانے کیلئے لوٹوں پر انحصار کر رہی ہے۔ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے منگل کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ راجہ ریاض کو بچانے کیلئے سپیکر کے اقدامات کے نتیجے میں اس وقت 40فیصد نشستیں خالی ہو چکی ہیں، ملک انتخابات کے مزید قریب آگیا ہے، اس بحران کا واحد حل قومی انتخابات ہیں حکومت کتنا عرصہ عوام سے کترائے گی آخر فیصلہ لوگوں نے کرنا ہے اور فیصلہ ووٹ سے ہو گا جبکہ اپنے ایک اورٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ24گھنٹے گزرنے کے بعد بھی ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی بدستور معطل ہے، اس نااہل اور نکمی امپورٹڈ سرکار کی مہربانیاں زندگی کے ہر شعبے میں نظر آرہی ہیں، آٹا نہیں، بجلی نہیں قرض واپس کرنے کے پیسے نہیں مایوسی اور گھٹن پاکستان میں رقص کر رہی ہے اور نیرو بانسری بجا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں