وزیر دفاع خواجہ آصف سے سعودی معاون وزیر دفاع کی ملاقات، دفاعی تعلقات بڑھانے پر گفتگو

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیردفاع خواجہ محمد آصف سے سعودی معاون وزیر دفاع انجینئر طلعت عبداللہ علطیبی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی،دفاعی تعلقات بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی معاون وزیر دفاع انجینئر طلعت عبداللہ علطیبی کی سربراہی میں وفد نے بدھ کے روز وزارت دفاع کا دورہ کیا، وزیردفاع خواجہ محمد آصف سے سعودی معاون وزیر دفاع نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اکیسویں صدی کے لئے جامع دفاعی تعلقات کی طرف بڑھ رہے ہیں، وفاقی وزیر نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی تندرستی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ سعودی معاون وزیر دفاع نے کہا کہ سعودی عرب دفاعی پیداوار اور دفاع سے متعلق تعاون کے شعبے میں پاکستان سے تعاون بڑھانا چاہتا ہے، وزیر دفاع نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے ہمہ جہت اسٹریٹجک تعاون کے معاہدے کی تجویز بھی دی۔ ملاقات میں سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمود الزماں خان بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں