دبئی کے 4 ساحلوں کو عوام کے لیے کھول دیا گیا

دبئی:دبئی کی بلدیہ نے چار ساحلوں کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کردیاہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاری بیان میں بتایا گیا کہ مذکورہ ساحلوں میں الممزر، جمیرا، ام سقیم اور جی پی آر شامل ہیں۔بلدیہ نے شہریوں اور غیر ملکی مقیمین پر زور دیا کہ وہ ان مقامات پر تمام متعلقہ ہدایات پر سختی سے کاربند رہیں تا کہ سماجی امن و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔اسی طرح بلدیہ نے بڑے پارکوں اور برواز دبئی(دبئی فریم) کو بھی عوام کے لیے دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا۔اس سے قبل دبئی میں فنون و ثقافت اتھارٹی نے اپنے زیر انتظام عجائب گھروں کو بتدریج کھولنے کا اعلان کیا۔ اس سلسلے میں الاتحاد میوزیم اور الشندغہ میوزیم میں یکم جون سے لوگوں کی آمد و رفت کی اجازت ہو گی۔ داخلے کے اوقات صبح دس بجے سے شام پانچ بجے تک ہوں گے۔ اس کے علاوہ المسکوکات میوزیم کو اتوار سے جمعرات تک ہفتے کے پانچ روز کھولا جائے گا۔ اس میں داخلے کے اوقات صبح آٹھ بجے سے دوپہر دو بجے تک ہوں گے۔یہ تمام پیش رفت دبئی میں کرونا وائرس کے سبب عائد پابندیوں اور قیود میں کمی لانے اور معمول کی زندگی کی بتدریج بحالی کے اقدامات کا حصہ ہے۔ اس ضمن میں صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک اقتصادی سرگرمیوں کی اجازت ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں