ہرنائی میں کوئلہ کان میں ریسکیو آپریشن مکمل، جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 6 ہوگئی

کوئٹہ : ہرنائی کے علاقے میں کوئلہ کان میں پھنسے کانکنوں کو نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن مکمل مزید پانچ کانکنوں کی لاشیں نکالنے کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6ہوگئی ۔ گزشتہ روز ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں مقامی کوئلہ کان میں گیس بھرنے کے باعث دھماکے کے بعد پھنس جانے والے کانکنوں کو بچانے کے لئے ریسکیو آپریشن جمعہ کو دوسرے روز بھی جاری رہا ۔ آپریشن کے مکمل ہونے پر کان میں پھنسے ہوئے مزید 5کانکنوں کی لاشوں کو نکال لیا گیا جس کے بعد واقعہ میں جاں بحق ہونے والے کانکنوں کی تعداد 6ہوگئی۔ محکمہ مائنز کے حکام کے مطابق مذکورہ کوئلہ کان کوقوانین کی خلاف ورزی پر 2سال قبل بھی بند کیا گیا تھا اور ماضی قریب میں کان میں دوبارہ کام شروع کیا گیا ۔حکام کے مطابق مائن کو بند کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔دوسری جانب جاں بحق ہونے والے کانکنوں کی لاش کو آبائی علاقے روانہ کردیا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں