مکران کی خواتین میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، بلوچستان کی ترقی میں ان اہم کردار ہے، ضلعی انتظامیہ

تربت : ضلع کیچ میں بین الاقوامی یوم خواتین منانے کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس پیر کے روز سرکٹ ہاو¿س تربت کے مقام پر منعقد ہوا۔اس دوران اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ عقیل کر یم نے کی جبکہ غیر سرکاری تنظیم نیعاد کے سربراہ اور ایونٹ کے چیف آرگنائزر سنگین گچکی کے علاوہ ضلع کیچ کے سرکاری محکموں کے سربراہان اور غیر سرکاری تنظیموں کے عہدیداران بھی اجلاس میں شامل تھے۔اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ عقیل کریم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ہمارے ملک کی آبادی کا آدھا حصہ ہیں لہذا خواتین کو شامل کیے بغیر ہم اپنے ملک کو ترقی کی جانب گامزن نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کیچ تربت میں یوم خواتین کے دن کو منانے کے لیے غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ ملکر بھرپور تعاون کریگی اور وہ امید کرتے ہیں کہ تمام لائن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہان اس تقریب کو کامیاب بنانے میں پروگرام کے آرگنائزر کے ساتھ ملکر کام کریں گے۔اس موقع پر غیر سرکاری تنظیم نیعاد کے سربراہ اور ایونٹ کے چیف آرگنائزر سنگین گچکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے کے پسماندہ طبقات پر مشتمل ہیں لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم ان کی حوصلہ افزائی کریں اور ان کی ترقی کے حوالے سے پروگراموں میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ مکران میں خواتین میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور وہ امید کرتے ہیں کہ اس طرح کے پروگراموں میں خواتین کو اپنے صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں بہت مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس ایونٹ کو بڑے پیمانے پر منائیں اور وہ امید کرتے ہیں کہ ضلعی انتظامیہ سمیت تمام سرکاری اور غیر سرکاری ادارے اس پروگرام کو کامیاب کرنے میں بھرپور مدد وتعاون کریں گے۔واضح رہے ضلع کیچ میں یوم خواتین کی تقریبات کا آغاز 8 مارچ کو گرلز کالج تربت کے مقام پر کیا جارہا ہے جو دو دن تک جاری رہی گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں