بلوچ پشتون کا کوئی جھگڑا نہیں یہ چند لوگوں کا مسئلہ ہے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں صرف پشتون اور بلوچ آباد نہیں، تمام اقوام اور مذاہب میرے لیے برابر ہیں، صوبے میں پشتون بلوچ کا کوئی جھگڑا نہیں یہ صرف چند لوگوں کا مسئلہ ہے۔گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے صحافیوں سے ملاقات میں کہا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے مجھے میڈیا کی حمایت چاہیے، میڈیا کے ذریعے ہی مسائل اجاگر ہوتے ہیں اور ان کا حل نکلتا ہے۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے مسائل سے متعلق مجھے آج ہی آگاہ کیا گیا، ان کی مالی مشکلات کے حوالے سے وزیر اعظم اور وزیر خزانہ سے ملاقات کروں گا، جب تک امن کا قیام نہیں ہوگا تب تک تعلیم، معیشت اور دیگر مسائل حل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صرف پشتون اور بلوچ آباد نہیں، تمام اقوام اور مذاہب میرے لیے برابر ہیں، صوبے میں پشتون بلوچ کا کوئی جھگڑا نہیں یہ صرف چند لوگوں کا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے منتخب ایم این ایز اور ایم پی ایز کو شہر کی ترقی کے لیے پالیسی بنانی چاہیے، ہمیں اپنے شہریوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانی ہوگی، میں بی این پی کا نہیں بلوچستان کے عوام کا گورنر ہوں، میں گورنر کی حیثیت سے بلوچستان اور وفاقی کے درمیان دوریاں ختم کروں گا۔


