پسنی میں احتجاجی جلسہ کرنے پرحسین واڈیلہ سمیت متعدد کیخلاف مقدمہ درج

گوادر (این این آئی) پسنی احتجاجی جلسے کے بعد حق دو تحریک بلوچستان کے چیئرمین حسین واڈیلہ سمیت کئی رہنماﺅں کیخلاف پسنی تھانہ میں مقدمہ درج کردیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق حق دو تحریک کے رہنماﺅں نے غریب آباد چوک کو ہر قسم کے آمدورفت کے لئے بند کر کے روڈ پر اسٹیج بنا کر بذریعہ لاﺅڈ اسپیکر پارٹی شرکاءسے خطاب کیا، جس میں انہوں نے26 دسمبر 2022ءکو حق دو تحریک کے دھرنے کیخلاف کریک ڈاﺅن کو ریاستی تخریب کاری کہا اور اپنے قائد مولانا ہدایت الرحمن کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرہ بازی کی کہ مولانا ہدایت الرحمن کو رہا نہیں کیا گیا تو انتظامیہ کو اسکے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔ واضح رہے کہ حق دو تحریک کی جانب سے مولانا ہدایت الرحمن کی رہائی کے مطالبے پر گزشتہ روز پسنی میں ایک احتجاجی جلسہ غریب آباد چوک پر منعقد ہوا، جس میں حق دو تحریک کے چیئر مین حسین واڈیلہ سمیت دیگر رہنماﺅں نے خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں