عمران خان ملک دشمن قوتوں کا مہرہ ہے ،حافظ حمداللہ

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی ترجمان و جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مولانا حافظ حمداللہ نے کہاہے کہ ملک کے داخلی معاملات میں بیرونی قوتوں کی مداخلت نا قابل برداشت ہے حکومت خاموشی اختیار کرنے کی بجائے انہیں لگام دینے کی کوشش کریں عمران خان ملک دشمن قوتوں کا مہرہ ہے زلمی خلیل زاد جیسے لوگوں کا انکے حق میں بیان دینا انکے پشت پناہی کرنے والے قوتوں کو ظاہر کرتی ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز مدرسہ دارالعلوم ضلع صوابی کے زیراہتمام منعقدہ عظیم الشان سالانہ دستار فضیلت و فضلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس سے جمعیت علماء اسلام کے رہنما قاری محمد حسنین سمیت دیگر رہنماؤں اور ممتاز علمائے کرام نے بھی خطاب کیا ۔ مولانا حافظ حمداللہ نے کہاکہ بار بار عدالتی نوٹس کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ چلانے کی بجائے انھیں ریلیف دینا نظام عدل کے ماتھے پر بدنما داغ ہے کیا عدالتی نظام میں آج تک کسی اور مفرور اشتہاری مجرم کے ساتھ بھی یہی رویہ اپنایا گیا ہے یا یہ قانون محض لاڈلے کے لئے ہے انہوں نے کہاکہ عمران خان اور ان کی جماعت ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ان کا مقصد ملک میں فتنہ فساد پھیلانے کے سوا کچھ نہیں انہیں لگام نہ دیا گیا تو نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے انہوں نے کہاکہ ایک شخص کے ضد و عناد کی خاطر آئین اور قانون کو قربانی کا بکرا نہ بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں