گوادر میں مسائل حل نہ ہونے پر مولانا ہدایت الرحمن کی دوبارہ دھرنے کی دھمکی

گوادر (بیورو رپورٹ)ملک کو 75 سال ہوئے ہمیں سوائے احتجاج کرنے کے اور کچھ نہیں ملا۔گوادر سی پیک ماتھے کا جھومر اور مستقبل کا دبئی ہے اور ترقی کے بلند بانگ دعوے کئے گئے ہیں لیکن سی پیک کے پیسے لاہور اورینج ٹرین اور دیگر کاموں میں استعمال کئے گئے ہیں بدلے میں ہمیں صرف احتجاج اور رونا رونے کے اور کچھ نہیں ملا ہمیں ایسی ترقی کی ضرورت نہیں جس کے فوائد کوئی اور نقصان ہمیں اٹھانا پڑیں۔ قید و بند کی صعوبتیں ہمیں ہماری جمہوری جدو جہد سے نہیں ہٹا سکتیں۔ ساحل گوادر میں غیر قانونی ٹرالنگ ، پانی و بجلی کے بحران ، چوری و ڈکیتی اور منشیات فروشی ختم نہیں کی گئی تو اپنے بنیادی حقوق کے لیے دوبارہ دھرنا دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار حق دو تحریک بلوچستان کے زیر اہتمام شہدائے جیونی چوک پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے حق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمان ، بزرگ سیاسی راہنما حسین واڈیلہ ، سابق نگران صوبائی وزیر میر نوید کلمتی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے درمیان 2008 کو بجلی کا معاہدہ ہوا۔ جس میں ایران نے اپنے حصے کے کام مکمل کیے حال ہی میں وزیر اعظم شہباز شریف نے گوادر کے دورے کے دوران ایران سے 100 میگاواٹ کا معاہدہ کیا۔ لیکن اس کے باوجود یہاں کے عوام کو بجلی کی شدید لوڈ شیڈنگ کا سامناہے جبکہ گوادر کے عوام کی ضرورت 35 میگاواٹ ہے انھوں نے کہا کہ اس وقت مکران بھر سے 13 نمائندے ہیں مگر جن کی کارکردگی صفر ہے۔ گوادر سمیت مکران بھر میں اس وقت شدید گرمی سے لوڈ شیڈنگ کا تسلسل ہے جس سے لوگ پریشان اور کاروبار ٹھپ ہوگیا ہے۔ جبکہ دوسری طرف پانی کا بحران ہے ساحل گوادر کو رشوت کے بدلے ٹرالر مافیا کے سپرد کر دیا گیا ہے جنھوں نے ساحل کو بانجھ بنا دیا ہے آبی حیات کی نسل کشی کے ساتھ ماہیگیر معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔ دریں اثنائ شہر میں چوری چکاری رہزنی اور ڈکیتی کی وارداتوں سے شہری پریشان ہیں پرسان حال کوئی نہیں۔ انھوں نے کہا کہ گوادر کو مستقبل کا دبئی اور سی پیک ماتھے کا جھومر اور ترقی کے بلند بانگ دعوے کرنے والے زرا بتائیں عوام کو کب ریلیف ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ گوادر کے نام پر سی پیک کے تمام فنڈز لاہور اورینج ٹرین اور علاقوں میں خرچ کیے گئے۔ہمیں صرف احتجاج اور رونے کے اور کچھ نہیں ملا۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں ایسی ترقی کی ضرورت نہیں جس میں ہمیں صرف لولی پاپ ملے انھوں نے کہا کہ ان زیادتیوں پر ہمیں احتجاج کے حق سے بھی محروم کیا جاتاہے جب ہم جمہوری طریقے سے احتجاج کرتے ہیں تو ہم پر ریاستی اداروں کے زریعے چھڈائی کی جاتی ہے۔ ہمارے گھروں پر چھاپے مارے جاتے ہیں ماو¿ں بہنوں اور بچوں کی تذلیل کی جاتی ہے۔ اور ہم پر جعلی مقدمات بنا پر جیلوں میں ڈالا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم قید و بند اور جعلی مقدمات سے ڈرنے والے نہیں۔عوام کے حقوق کی خاطر جمہوری مزاحمت اور جدو جہد کا تسلسل آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان بلوچوں کا مسکن ہے یہاں لوگ 9000 سالوں آباد ہیں مگر ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت یہاں کے نوجوانوں کو منشیات کے دلدل میں پھنسا دیا گیا ہے۔ بلوچستان کے چھپے چھپے میں منشیات فروشی عام ہے۔ لیکن پولس منشیات فروشی کرنے والون کو پکڑنے سے قاصر نظر آتی ہے لیکن حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والوں مقدمات بنائے جاتے ہیں انھوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلوچستان کے اسمبلی میں بھی آواز نہیں اٹھائی جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی طرف سے گوادرکی ترقی کی راگ گزشتہ 20 سالوں سے الاپنے جارہے ہیں۔ لیکن ترقی کا نتیجہ ہم سب کے سامنے ہے۔ انھوں نے کہا کہ جو ترقی ہمیں پانی بجلی ، تعلیم، صحت، انفرااسٹرکچر نہ دے سکے ہمیں ایسی ترقی کی کوئی ضرورت نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ٹرالر مافیا نے 60 لاکھ روپے رشوت کے عوض ساحل سمندر کو ٹرالر مافیا کے حوالے کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں حق کے لیے آواز بلند کرنے پر مقدمات بنائے جاتے ہیں لیکن یہ مقدمات قید اور جیل کی صعوبتیں ہمیں ہماری جمہوری جدو جہد سے نہیں ہٹا سکتی ہمارا وائس چیئرمین ماجد جوہر جعلی مقدمے میں جیل میں بند ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت حق دو تحریک کے تمام کارکنان پر درج جعلی مقدمات ختم کردیں وائس چیئرمین ماجد جوہر کو رہا کر دیں۔ اور ساحل گوادر میں غیر قانونی ٹرالنگ کی روک تھام، پانی و بجلی کا مسئلہ حل اور منشیات کی تدارک کریں بصورت دیگر ہم ایک مرتبہ پھر دھرنا دیں گے۔ اس موقع پر انھوں نے ہر سال 26 دسمبر کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں