کوئٹہ میں تجاوزات اور گرانفروشوں کیخلاف کارروائی، 17 افراد گرفتار
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کاسی روڈ پر تجاوزات اور گرانفروشوں کیخلاف آپریشن، 17 گرفتار، جیل بھجوا دیا گیا۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر سٹی عطا المنعم نے کہا کہ تاجر اور تاجر تنظیمیں انسداد تجاوزات کیخلاف مہم میں بھرپور ساتھ دیں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات اور گرانفروشوں کیخلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ آج اسسٹنٹ کمشنرسٹی عطا المنعم کی نگرانی میں اسپیشل مجسٹریٹ ماریہ شمعون اور دیگر عملے نے کاسی روڈ سبزی مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات اور گرانفروشی پر 17 دکانداروں کو گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا۔ اس موقع پر ا ے سی سٹی کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل تجاوزات اور گرانفروشوں کیخلاف مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ تجاوزات کیخلاف مہم میں تاجروں اور تاجر تنظیموں کا انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کسی کو بیروزگار کرنے کے درپے نہیں، ریڑھی بان سڑکوں کے وسط کے بجائے اطراف میں کھڑے ہو کر کاروبار کرسکتے ہیں لیکن تجاوزات سے گریز کیا جائے کیونکہ اس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ شہریوں کو وقت کے ضیاع اور شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکاندار نرخنامے کی پابندی کریں اور نرخنامہ دکان میں نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے۔


