مودی کے دورہ امریکہ کے موقع پرامریکی قانون سازوں کا بائیڈ ن کے نام خط

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کے دورہ امریکہ کے موقع پر 75 امریکی معروف قانون سازوں نے امریکی صدر جوبائیڈن کے نام خط لکھ دیا ۔خط پر 18امریکی سینیٹر ز اور57اراکین کانگریس کے دستخط موجود ہیں۔ بھارت میں بڑھتی ہوئی سیاسی گھٹن، مذہبی عدم برداشت ، سول سوسائٹی اور صحافیوں کو نشانہ بنائے جانے، آزادی اظہار اور انٹرنیٹ کی بندش جیسے سنگین مسائل کی طرف امریکی صدر کی توجہ مبذول کروائی گئی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی 2022 کی کنٹری رپورٹ برائے انسانی حقوق میں بھار ت میں سیاسی حقوق اور اظہاررائے کی بندشوں کا تفصیلی بیان ہے۔اسی طرح سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی 2022 کی رپورٹ برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی میں بھارت میں جاری مذہبی عدم برداشت اور ریاستی اور پرائیویٹ کارندوں کی جانب سے اقلیتوں کے خلاف تشدد کا تفصیلی ذکر ہے۔خط کے متن میں مزید کہا گیا کہ آزادی صحافت کی معروف تنظیم رپورٹرز ودآئوٹ بارڈرز کے سالانہ جائزے کے مطابق پریس فریڈم کے زمرے میں بھارت کی درجہ بندی میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی۔امریکی قانون سازوںنے نشاندہی کی ہے کہ”اکسیس نا” کے مطابق بھارت انٹرنیٹ بندش کے واقعات میں سرفہرست ملک ہے۔امریکی رہنمائوں نے امریکی صدر جو بائیڈن سے درخواست کی ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ بھارت کے ساتھ دوستی نہ صرف مشترکہ مفادات بلکہ مشترکہ اقدار پر استوار ہونی چاہیے، بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی سے ملاقات میں یہ تمام معاملات زیر غور لائیں جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں