قائم مقام صدر پاکستان کا قرآن پاک کی بے حرمتی پر عالمی پارلیمانوں سے رابطے کا فیصلہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعے پر عالمی پارلیمانوں سے رابطے کے لیے خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنے بیان میں صادق سنجرانی کاکہنا ہے کہ سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس سے تمام عالم اسلام کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان، حکومت اور عوام واقعے پر شدید رنجیدہ ہیں، سویڈن حکومت فوری ایکشن لے۔قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں جذبات مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، نفرت انگیز حرکتیں بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہیں۔صادق سنجرانی نے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں۔دوسری جانب سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر سعودی عرب، مصر، عراق، کویت، شام، لبنان، متحدہ عرب امارات سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔او آئی سی نے بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔یورپی یونین نے قرآن کریم کی بے حرمتی کے عمل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ جارحانہ، بے عزتی اور واضح طور پر اشتعال انگیزی پر مبنی ہے۔


