سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی سے عالم اسلام کے جذبات مجروح ہوئے، شیری رحمان
اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹرشیری رحمان نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ سے عالم اسلام کے مذہبی احساسات اور جذبات مجروح ہوئے، اشتعال انگیزی کے واقعات کی روک تھام تمام ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کی ذمہ داری ہے۔ ہم احترام، رواداری اور مذہب کی آزادی کے اصولوں پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔شیری رحمان نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف افراد کے بنیادی حقوق اور وقار کو مجروح کرتے ہیں بلکہ معاشروں میں تقسیم اور نفرت کی وجہ بھی بنتے ہیں۔ مذاہب کا احترام اور اپنے عقیدے پر عمل کرنے کی آزادی ایک ہم آہنگ اور جامع معاشرے کا بنیادی ستون ہے۔ کسی بھی مذہب سے امتیازی سلوک یا نفرت ان اقدار کے منافی ہے اور اس کی واضح مذمت کی جانی چاہیے۔


