بلوچستان کے صحافیوں کو محکمہ پولیس کی جانب سے معلومات کے حصول میں مشکلات
کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے صحافیوں کو پولیس کی جانب سے معلومات کے حصول میں مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی جی بلوچستان پولیس مفاد عامہ کے حوالے سے درکار معلومات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس اور صحافیوں کے درمیان مربوط رابطہ عوام تک درست اور مستند معلومات پہنچانے کی بنیاد ہے۔ تاہم کچھ عرصے سے معلومات کے حصول میں صحافیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے فیلڈ رپورٹرز کی جانب سے یہ شکایات بار بار سامنے آرہی ہیں صحافتی اصولوں کے تحت کہ کسی واقعے سے متعلق پولیس موقف یا درست معلومات کے حصول کیلئے متعلقہ پولیس آفیسران سے رابطہ کیا جاتا ہے تو اکثر فون اٹھایا نہیں جاتا۔ اس کے علاوہ محکمہ پولیس سے کسی متعلق مجموعی ڈیٹا یا معلومات کا حصول بھی مشکل ہوگیا ہے جس سے یکطرفہ یا غلط رپورٹنگ کا احتمال بڑھتا ہے۔ جو مفاد عامہ اور خود محکمہ پولیس کی کارکردگی کو متاثر کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔ بیان میں گیا ہے کہ آئی جی بلوچستان پولیس عبدالخالق شیخ اس کا نوٹس لیتے ہوئے میڈیا اور پولیس کے درمیان رابطوں کو مربوط بنانے کیلئے اقدامات کریں۔


