حکومتی پروجیکٹ کے نام پر آبائی زمین چھیننے اور قبضے کی کوشش کی جارہی ہے، کاسی قبیلے کے معتبرین کی پریس کانفرنس
کوئٹہ (این این آئی) کاسی قبیلے کی معتبر شخصیت ارباب عبد القادر کا سی نے کہا ہے کہ حکومت ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے نام پر ان کی آبائی زمینوں پر قبضے کرنا چاہتی ہے، ہم اپنی جان توقربان کردیں گے لیکن کسی بھی صورت اپنی زمین قربان نہیں کریں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو ملک اکرم کا سی، زین العابدین، محمد آصف کاسی کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے علا قے سمنگلی میں واقعہ کا سی قبیلے کی زمین پر حکومت سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت کام کرنا چاہتی لیکن ہم اپنی زمین پر کسی بھی صورت کوئی پروجیکٹ نہیں بننے دیں گے کیونکہ وہ زمین کاسی قبیلے کی ملکیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کا سی قبیلہ برطانوی حکومت سے لیکر آج تک قربانیاں دیتا آرہا ہے لیکن آخر کب تک ہم قر بانیاں دیتے رہیں گے، ہم حکومت کو کئی ایکڑ زمینیں فراہم کرچکے ہیں جس کا معاوضہ تک نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ کا سی قبیلے کی زمینوں پر آج بھی قبضے ہیں، ہم سے حکومتی پروجیکٹ کے نام پر آبائی زمین بھی چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی اجازت ہم کسی بھی صورت نہیں دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کاسی قبیلے کی ملکیت پر حکومتی پروجیکٹ بنانے سے سیکڑوں گھر متاثر ہوں گے ۔


