قومی اسمبلی میں بہترین کارکردگی کے حامل ارکان کو اعزازات سے نوازنے کی سفارش
اسلام آباد (صباح نیوز) قومی اسمبلی میں قانون سازی عوامی معاملات ، حاضری اور قائمہ کمیٹیوں کی کارروائی کے حوالے سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ارکان کو اعزازات سے نوازنے کی سفارش کر دی گئی ۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے تحریری طور پر سفارشات وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو ارسال کر دیں ۔ تمام ارکان کو پارلیمانی یادگاری شیلڈز دینے کی بھی سفارش کی گئی ہے جبکہ9 اگست کو قومی اسمبلی کا تاریخ ساز اجلاس منعقد کرنے کی تجویز بھی ارسال کر دی گئی ۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں صباح نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے جلد رخصت ہونے والی قومی اسمبلی کے حوالے سے اہم سرگرمیوں کے بارے میں مرتضی جاوید عباسی نے بتایا کہ اس حوالے سے سات نکات پر مشتمل سفارشات بھجوا دی گئی ہیں ۔ قومی اسمبلی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے غیر معمولی قانون سازی میں کردار ادا کرنے فعالیت سے عوامی معاملات اٹھانے بھرپور حاضری اور قائمہ کمیٹیوں میں بہترین کارکردگی کے حوالے سے متعلقہ ارکان کو اعزازات سے نوازنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ پارلیمانی لیڈرز کو سوئنیرز اور تمام ارکان کو یادگاری شیلڈز دینے کے بارے میں بھی کہا گیا ہے اور آخری اجلاس کو یادگار اور تاریخ ساز بنانے کی تجاویز بھی ارسال کی گئی ہیں ۔ وزیر اعظم شہباز شریف الوداعی اجلاس میں موجود ہوں اور تمام ارکان بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں ۔ تسلسل سے قومی اسمبلی اپنی پانچسالہ مدت پوری کر رہی ہے جو کہ جمہوریت پارلیمانی بالا دستی کے لیے اہم سنگ میل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ جس طرح پر امن انتقال اقتدار کا منظر ہوتا ہے اسی طرح الوداعی اجلاس کا منظر ہو ۔


