پی ڈی ایم نے پندرہ ماہ کے اقتدار میں قومی اداروں کی ساکھ اور اعتبار کو تباہ کرکے رکھ دیا، مولانا شیرانی

کوئٹہ (آن لائن) رہبر جمعیت مولانا محمد خان شیرانی نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو سزا سنانے اور ان کی گرفتاری کے حوالے سے ردعمل جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت اور مقتدر اداروں نے مل کر عوام کے اوپر خوف، بھوک اور جان و مال کے غیر محفوظ ہونے کی صورتحال کو مسلط کر رکھا ہے عمران خان اور اس کے ساتھیوں کو صبر کے ساتھ ان مصیبتوں کو برداشت کرنا چاہیے اور استقامت کے ساتھ اپنے موقف پر قائم رہنا چاہیے ظلم کی سیاہ رات زیادہ لمبی نہیں ہوگی اور جبر و ستم کے کھوکھ سے روشن صبح طلوع ہوجائے گی کیونکہ صحیح راستے سے منحرف لوگوں کا رویہ اور کردار راہ راست پر گامزن انسانوں کو سوائے عارضی پریشانی کے اور کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی نصرت صبر کے ساتھ ہوتی ہے آسانیاں ہمیشہ مشکلات کے بعد آتی ہیں اور کرب و اندوہ کو سہنے کی نتیجے میں ہی نجات کے راستے کھل جاتے ہیں عدل و انصاف کے تقاضوں سے متصادم فیصلے پی ڈی ایم حکومت کا آخری حربہ ہے پی ڈی ایم حکومت کا ایجنڈہ عوام کو ایک ایسی بدحالی اور اذیت میں مبتلا کرنا تھا کہ لوگ نان شبینہ کے محتاج ہوجائیں کسی کی جان مال اور عزت و آبرو محفوظ نہ رہے اور عوام ریاست کے وجود کی ضرورت پر ہی یہ سوالات اٹھانے لگ جائیں کہ جو ریاست بجائے اس کے کہ ہمارے لئے رزق و روزگار کا بندوبست کرے وہ ظالمانہ ٹیکسوں کے ذریعے ہمارے منہ کا ہی نوالہ چھین رہی ہے جس ریاست کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہو مگر عوام اپنے جان و مال کو پیش آنے والے خطرات میں اپنے محافظین کی صلاحیت پر ہی نہیں بلکہ ان کی نیت کے جانب ہی انگلی اٹھانے لگے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے اپنے پندرہ مہینے کے اقتدار میں قومی اداروں کی ساکھ اور اعتبار کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے ریاست آئین قانون عدالت اور حکومت اب محض برائے نام اصطلاحات رہ گئے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں